CES 2026 میں بدترین اے آئی مصنوعات بے نقاب

لاس ویگاس: دنیا کے سب سے بڑے ٹیک شو CES 2026 میں جہاں مصنوعی ذہانت کو ہر مسئلے کا حل بنا کر پیش کیا گیا، وہیں صارفین کے حقوق کے تحفظ کی تنظیموں نے کئی اے آئی مصنوعات کو بدترین اور غیر ضروری ٹیکنالوجی قرار دے کر شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا۔

کنزیومر گروپس کی جانب سے جاری کی گئی سالانہ فہرست “Worst in Show” کے مطابق اس سال ایسے آلات کو منتخب کیا گیا جو حد سے زیادہ پیچیدہ، ناقابلِ مرمت اور ماحولیاتی لحاظ سے نقصان دہ ہیں۔ اس پینل میں Consumer Reports، iFixit اور دیگر پرائیویسی و صارف حقوق کے علمبردار شامل تھے۔

فہرست میں سرفہرست Samsung کا Bespoke AI Family Hub فریج رہا، جو آواز کے ذریعے دروازہ کھولنے اور بند کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس میں مسلسل انٹرنیٹ کنیکشن، اشتہارات اور کیمرے جیسے فیچرز ایک سادہ گھریلو آلے کو غیر ضروری طور پر مہنگا، پیچیدہ اور جلد خراب ہونے والا بنا دیتے ہیں۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ فریج کا بنیادی کام چیزوں کو ٹھنڈا رکھنا ہے، نہ کہ صارف پر نظر رکھنا۔

اسی طرح Amazon کے Ring کیمروں اور ڈور بیلز کو بھی بدترین مصنوعات میں شامل کیا گیا۔ ان پر الزام لگایا گیا کہ نئے اے آئی فیچرز صارفین اور ان کے پڑوسیوں کی نگرانی کو خطرناک حد تک بڑھا رہے ہیں، جہاں چہرہ شناسی اور مسلسل مانیٹرنگ پرائیویسی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔

فہرست میں ایک اور حیران کن پروڈکٹ الیکٹرانک لالی پاپ بھی شامل تھی، جو چاٹنے پر موسیقی بجاتی ہے۔ ماہرین نے اسے ای ویسٹ کا نیا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک گھنٹے چلنے والی بیٹری، الیکٹرانکس اور پلاسٹک صرف تفریح کے نام پر ماحول کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

صارف تنظیموں کا کہنا ہے کہ اے آئی کے نام پر ہر چیز کو “سمارٹ” بنانا ٹیکنالوجی کی ترقی نہیں بلکہ صارفین کی جیب، پرائیویسی اور ماحول کے ساتھ مذاق ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کی مصنوعات مستقبل میں ٹیکنالوجی پر عوامی اعتماد کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

مزید خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button