سرحدوں پر زیرو ٹالرنس: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دشمنوں کو دوٹوک پیغام

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوٹوک انداز میں خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی براہِ راست یا بالواسطہ خلاف ورزی کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

راولپنڈی میں بلوچستان پر 18ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی جان و مال کے تحفظ اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار اور پُرعزم ہیں۔

انہوں نے بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور اسٹریٹجک مستقبل میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے عوام دوست ترقیاتی اقدامات کو سراہا جن کا مقصد صوبے کے سماجی و معاشی حالات بہتر بنانا ہے۔

سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، تاہم ایسی تمام سازشوں کو سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے سول سوسائٹی کے کردار کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ منفی پروپیگنڈے کا توڑ اور پائیدار ترقی کے لیے قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔ اجلاس کے اختتام پر سوال و جواب کے سیشن میں فیلڈ مارشل نے بلوچستان کی سلامتی اور ترقی سے متعلق اقدامات پر مزید وضاحت کی۔

مزید خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button