تل ابیب میں ایران کے حق میں یہودی سڑکوں پر نکل آئے

تل ابیب:
اسرائیل میں مقیم ایرانی نژاد یہودی برادری کے تقریباً 100 افراد نے ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کی حمایت میں ایک پرامن ریلی نکالی۔ یہ اجتماع بدھ کے روز ہولون شہر میں منعقد ہوا، جو تل ابیب کے قریب واقع ہے اور ایرانی یہودیوں کی بڑی آبادی کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔
شرکاء نے اسرائیلی پرچموں کے ساتھ 1979 کے انقلاب سے قبل استعمال ہونے والے ایرانی پرچم بھی لہرائے اور عبرانی و فارسی زبان میں پلے کارڈ اٹھائے، جن پر ایرانی عوام کے لیے آزادی اور سیاسی اصلاحات کا مطالبہ درج تھا۔ بعض نعروں میں سابق شاہی نظام سے وابستہ آوازیں بھی سنائی دیں۔
ریلی مکمل طور پر پرامن رہی اور اس کا مقصد ایرانی عوام سے علامتی یکجہتی کا اظہار بتایا گیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں ایرانی نژاد یہودیوں کی تعداد دو سے ساڑھے تین لاکھ کے درمیان بتائی جاتی ہے، جن میں ایران سے ہجرت کرنے والے افراد اور ان کی اسرائیل میں پیدا ہونے والی نسلیں شامل ہیں۔



