ایک اور کرین حادثہ، تھائی لینڈ میں تعمیراتی سلامتی پر سوالات

بنکاک:
تھائی لینڈ میں بنکاک کے قریب ایک اور تعمیراتی حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک زیرِ تعمیر بلند ایکسپریس وے پر کرین گرنے سے متعدد گاڑیاں دب گئیں۔ حادثہ جمعرات کو راما ٹو روڈ پر، صوبہ سموت ساخون میں پیش آیا جو دارالحکومت کے جنوب مشرق میں واقع ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کرین بھاری اسٹیل گرڈرز سمیت سڑک پر آ گری، جس کے نتیجے میں کئی گاڑیاں اس کے نیچے پھنس گئیں۔ رضاکار ریسکیو اداروں نے کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے، تاہم حکام نے تاحال سرکاری طور پر جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی۔
ریسکیو ٹیمیں موقع پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ ایک روز قبل پیش آنے والے ٹرین حادثے کے فوراً بعد سامنے آیا ہے، جس میں صوبہ ناکون رتچاسیما میں کم از کم 32 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
راما ٹو روڈ پر جاری تعمیراتی منصوبے ماضی میں بھی کئی سنگین حادثات کے باعث تنقید کی زد میں رہے ہیں، جس کے بعد ایک بار پھر تعمیراتی مقامات پر حفاظتی معیار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔



