تھائی لینڈ میں ہولناک ٹرین حادثہ،22 ہلاک، درجنوں زخمی

تھائی لینڈ کے صوبے ناکھون رتچاسیما میں بدھ کی صبح ایک ہولناک ٹرین حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار ریل منصوبے پر کام کرنے والی ایک دیوہیکل کرین اچانک بے قابو ہو کر گزرتی ہوئی مسافر ٹرین پر گر گئی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ ٹرین کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جبکہ ملبے میں آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس اور AFP کے مطابق اب تک کم از کم 22 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد مسافر شدید زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ واقعہ ضلع سکھیو میں صبح 9 بج کر 5 منٹ پر پیش آیا، جو بنکاک سے تقریباً 230 کلومیٹر دور ہے۔ متعدد مسافر ملبے تلے دب گئے، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل آپریشن میں مصروف ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی بڑی وجہ تعمیراتی مقام پر حفاظتی غفلت بتائی جا رہی ہے۔ State Railway of Thailand نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے مکمل انکوائری کا اعلان کر دیا ہے۔
ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔



