بھارت میں خوفناک حادثہ، ہماچل پردیش میں بس کھائی میں جا گری، 14 جاں بحق، 52 زخمی

بھارت کی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع سرمور میں ایک المناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق جبکہ 52 مسافر زخمی ہو گئے۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک نجی مسافر بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے وقت بس میں تقریباً 66 مسافر سوار تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بس شملہ سے کپوی جا رہی تھی کہ ہری پوردھار کے قریب اچانک ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی تقریباً 100 میٹر گہری کھائی میں جا گری۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید افراتفری پھیل گئی، جبکہ مقامی افراد، پولیس اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
ضلع پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد آئی جی ایم سی شملہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو اور کلیئرنس کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔



