دوائیں چھوڑتے ہی وزن واپس! نئی تحقیق نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

موٹاپا کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی جدید ادویات کے حوالے سے ایک چونکا دینے والی تحقیق سامنے آ گئی ہے جس نے دنیا بھر میں ان ادویات پر انحصار کرنے والے لاکھوں افراد کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ تحقیق کے مطابق جو افراد وزن کم کرنے کے لیے مشہور GLP-1 ادویات استعمال کرتے ہیں، وہ علاج بند کرنے کے بعد صرف دو سال کے اندر اندر دوبارہ اپنے پرانے وزن تک پہنچ سکتے ہیں، جبکہ شوگر اور دل کی بیماریوں کے خطرات بھی واپس لوٹ آتے ہیں۔

یہ تحقیق University of Oxford کے ماہرین نے کی ہے، جس میں 37 مختلف مطالعات اور 9 ہزار سے زائد مریضوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج کے مطابق وزن کم کرنے والی دوائیں چھوڑنے والے افراد میں وزن بڑھنے کی رفتار اُن لوگوں کے مقابلے میں تقریباً چار گنا زیادہ تیز ہوتی ہے جو صرف خوراک اور ورزش کے ذریعے وزن کم کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دوا چھوڑنے کے بعد اوسطاً 1.7 سال میں وزن واپس آ جاتا ہے جبکہ 1.4 سال میں ذیابیطس اور دل کے امراض کے خطرے بھی پہلے جیسی سطح پر پہنچ جاتے ہیں۔

تحقیق میں شامل ادویات میں دنیا بھر میں مقبول Ozempic، Wegovy اور Mounjaro شامل ہیں، جو بھوک کم کر کے وزن گھٹانے میں مدد دیتی ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق ان ادویات کے ساتھ طرزِ زندگی میں مستقل تبدیلی اور غذائی تربیت نہ ہو تو جسم دوا بند ہوتے ہی دوبارہ پرانے نظام پر آ جاتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ موٹاپا کوئی وقتی مسئلہ نہیں بلکہ ایک دائمی بیماری ہے، جس طرح شوگر یا بلڈ پریشر کی دوائیں چھوڑنے سے مرض دوبارہ بڑھ جاتا ہے، اسی طرح موٹاپے میں بھی علاج بند کرنے پر وزن واپس آنا فطری عمل ہے۔ اسی لیے خبردار کیا گیا ہے کہ ان ادویات کو جادوئی حل سمجھنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

ادھر ایک اور تحقیق، جو University of Cambridge کی قیادت میں کی گئی، میں انکشاف ہوا ہے کہ وزن کم ہونے کے دوران جسمانی وزن کا تقریباً 40 فیصد حصہ عضلات پر مشتمل ہو سکتا ہے، جس کے باعث پٹھوں کی کمزوری اور غذائی کمی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر ان ادویات کے ساتھ مناسب غذائی رہنمائی شامل نہ کی جائے تو ایک مسئلہ حل کر کے دوسرا نیا مسئلہ جنم لے سکتا ہے۔

صحت کے ماہرین نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ موٹاپے کی دوائیں وقتی سہارا تو دے سکتی ہیں، مگر مستقل صحت کے لیے غذا، ورزش اور طرزِ زندگی میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ بصورتِ دیگر وزن اور بیماریاں دونوں پوری شدت کے ساتھ واپس لوٹ سکتی ہیں۔

مزید خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button