2026 کی پہلی پولیو مہم، ساڑھے چار کروڑ بچوں کو ویکسین دینے کا ہدف

اسلام آباد: پاکستان نے سال 2026 کی پہلی ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کے دوران 45 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔ National Emergency Operations Center کے مطابق یہ مہم 2 فروری سے 8 فروری تک جاری رہے گی اور بیک وقت پاکستان اور افغانستان میں چلائی جائے گی۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کا کہنا ہے کہ پولیو ایک انتہائی متعدی اور لاعلاج مرض ہے جو عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ اس سے بچاؤ کا واحد مؤثر ذریعہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو بار بار ویکسین پلانا ہے۔ مہم کے دوران ملک بھر میں 4 لاکھ سے زائد مرد و خواتین پولیو ورکرز اپنی خدمات انجام دیں گے۔

این ای او سی کے مطابق گزشتہ برس پاکستان میں پولیو کے خلاف 6 قومی مہمات چلائی گئیں، جن کے نتیجے میں پولیو کیسز کی تعداد 2024 میں 74 سے کم ہو کر 2025 میں 30 رہ گئی، جو ایک نمایاں پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ تاہم پاکستان اور افغانستان اب بھی دنیا کے وہ واحد دو ممالک ہیں جہاں وائلڈ پولیو وائرس کی منتقلی مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکی، جس سے عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو خطرات لاحق ہیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے ہر مہم میں پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔

مزید خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button