قبروں پر لکھی ترکیبوں سے کھانا بنانے کی شوقین خاتون

کیلیفورنیا: امریکہ میں ایک 36 سالہ خاتون کا عجیب و غریب مگر توجہ کھینچنے والا شوق سامنے آیا ہے، جو قبروں پر کندہ کی گئی کھانوں کی ترکیبیں تلاش کرتی ہیں اور پھر انہی ترکیبوں کے مطابق کھانا تیار کرتی ہیں۔

Rosie Grant نامی یہ خاتون لاس اینجلس کی رہائشی اور پیشے کے اعتبار سے لائبریرین ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ عمل مرنے والوں کو خراجِ احترام پیش کرنے کے لیے کرتی ہیں۔ یہ انکشاف Fox News کی ایک رپورٹ میں سامنے آیا ہے۔

روزی گرانٹ کے مطابق یہ منفرد سفر اس وقت شروع ہوا جب وہ نیویارک کے ایک قبرستان میں انٹرن شپ کر رہی تھیں۔ وہاں انہیں ایک خاتون کی قبر پر اسپرٹز کوکیز کی مکمل ترکیب کندہ نظر آئی۔ تجسس کے باعث وہ گھر گئیں، اس ترکیب کے مطابق 12 کوکیز بنائیں اور بعد ازاں واپس قبرستان جا کر وہیں بیٹھ کر انہیں کھایا۔

روزی گرانٹ اب تک پانچ سال کے عرصے میں قبروں پر لکھی گئی 40 مختلف ترکیبیں جمع کر چکی ہیں۔ وہ مزاحیہ انداز میں کہتی ہیں کہ یہ کھانے “اتنے لذیذ ہوتے ہیں کہ جان نکل جائے”۔

ان کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہیں لگا تھا کہ یہ محض ایک اتفاق ہوگا، مگر وقت کے ساتھ انہیں مزید قبروں پر ایسی ترکیبیں ملتی گئیں، جس نے اس شوق کو ایک باقاعدہ مشن کی شکل دے دی۔

یہ انوکھا شوق جہاں سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنا ہوا ہے، وہیں کچھ لوگ اسے یادِ رفتگاں کو زندہ رکھنے کا ایک منفرد اور تخلیقی طریقہ بھی قرار دے رہے ہیں۔

مزید خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button