سپر فلو نے امریکہ کو جکڑ لیا،30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

امریکہ میں 2025-26 کا فلو سیزن غیر معمولی شدت اختیار کر چکا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق فلو جیسی علامات کے باعث ایمرجنسی رومز میں آنے والے مریضوں کی تعداد گزشتہ 30 برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ریاست کولوراڈو میں صرف ایک ہفتے کے دوران 800 سے زائد افراد کو فلو کے باعث اسپتال میں داخل کرنا پڑا، جو دو دہائیوں میں سب سے زیادہ ہے۔
امریکی ادارہ Centers for Disease Control and Prevention (CDC) کے مطابق کولوراڈو، نیویارک، نیو جرسی، لوزیانا اور ساؤتھ کیرولائنا اُن ریاستوں میں شامل ہیں جہاں فلو کی شدت سب سے زیادہ ہے۔
کولوراڈو یونیورسٹی کے ایمرجنسی فزیشن کے مطابق اس سال کا فلو زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے، زیادہ متعدی ہے اور علامات بھی شدید ہیں۔ بخار اور جسم درد کے ساتھ ساتھ اس بار الٹی اور دست بھی عام ہو گئے ہیں، جس سے مریضوں کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے اور وہ بڑی تعداد میں اسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دو طرح کے مریض سب سے زیادہ دباؤ ڈال رہے ہیں:
ایک وہ صحت مند افراد جو شدید علامات سے نڈھال ہو جاتے ہیں، اور دوسرے وہ مریض جنہیں دمہ، دل کے امراض، ذیابیطس یا کمزور مدافعتی نظام جیسی بیماریاں پہلے سے لاحق ہیں، جن میں فلو جان لیوا پیچیدگیاں پیدا کر رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق بچوں (5 سے 17 سال) میں ایمرجنسی وزٹس سب سے زیادہ ہیں، جبکہ اب تک امریکہ بھر میں 17 بچوں کی فلو سے ہلاکت بھی رپورٹ ہو چکی ہے، جو اس مرحلے پر غیر معمولی سمجھی جا رہی ہے۔



