سونیا گاندھی کی طبیعت اچانک ناساز، دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں داخل

نئی دہلی: بھارت کی کانگریس پارٹی کی سابق صدر اور راجیہ سبھا کی رکن سونیا گاندھی کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے بعد انہیں دہلی کے معروف سر گنگا رام اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی کو اتوار کی شب سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا تھا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ سرد موسم اور فضائی آلودگی کے باعث سونیا گاندھی کے برونکیئل دمہ میں اضافہ ہوا، جس پر ڈاکٹروں نے احتیاطی طور پر انہیں زیرِ علاج رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اسپتال کے مطابق اس وقت ان کی حالت مستحکم ہے اور علاج کے بعد صحت میں بہتری کے آثار سامنے آ رہے ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق سونیا گاندھی کو اینٹی بائیوٹکس سمیت دیگر معاون ادویات دی جا رہی ہیں اور وہ مسلسل طبی نگرانی میں ہیں۔ ان کے اسپتال سے ڈسچارج کا فیصلہ آئندہ ایک یا دو روز میں طبی پیش رفت کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 79 سالہ سونیا گاندھی اس سے قبل بھی جون 2025 میں ہماچل پردیش کے دورے کے دوران شملہ میں علیل ہو گئی تھیں، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے دہلی منتقل کیا گیا تھا۔ وہ ماضی میں بھی معمول کے چیک اپ کے لیے سر گنگا رام اسپتال آتی رہی ہیں۔

مزید خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button