“ “بھگوان رام مجھے پسند نہیں تھے” — راجامولی کا بیان وائرل، نئی فلم پر تنازع

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار S. S. Rajamouli ایک بار پھر تنازع کی زد میں آ گئے ہیں، جہاں ان کی آنے والی میگا بجٹ فلم Varanasi کے چرچے عروج پر ہیں، وہیں سوشل میڈیا پر ان کا ایک پرانا بیان دوبارہ وائرل ہو گیا ہے جس میں انہوں نے بھگوان رام سے متعلق متنازع رائے کا اظہار کیا تھا۔

فلم وارانسی میں Mahesh Babu، Priyanka Chopra اور Prithviraj Sukumaran مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کا بجٹ غیر معمولی طور پر بڑا بتایا جا رہا ہے اور حال ہی میں راموجی فلم سٹی میں اس کے فرسٹ لک اور ٹییزر لانچ نے شائقین کا جوش مزید بڑھا دیا۔

تاہم اسی تقریب کے دوران ایک تکنیکی خرابی نے اس وقت تنازع کو جنم دیا جب ٹییزر اسکرین پر چل نہ سکا۔ صورتحال سے پریشان راجامولی نے اسٹیج پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خدا پر یقین نہیں رکھتے اور سوال اٹھایا کہ کیا واقعی بھگوان ہنومان ٹیم کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی اہلیہ بھگوان ہنومان پر گہرا یقین رکھتی ہیں۔

یہ بیان ابھی زیرِ بحث ہی تھا کہ سوشل میڈیا پر راجامولی کا 2011 کا ایک پرانا پوسٹ دوبارہ سامنے آ گیا، جس میں انہوں نے رام نومی کے موقع پر ایک مداح کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں بھگوان رام کبھی پسند نہیں آئے اور وہ بھگوان کرشن کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔ اس وقت یہ بیان ذاتی رائے کے طور پر دیکھا گیا تھا، مگر آج اسی بیان کو نئی فلم کے تناظر میں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

تنازع کی شدت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کیونکہ وارانسی کو رامائن سے متاثر فلم قرار دیا جا رہا ہے، اور اطلاعات کے مطابق مہیش بابو کا کردار بھگوان رام سے ماخوذ بتایا جاتا ہے۔ ایسے میں راجامولی کے پرانے خیالات کو ان کے فلمی بیانیے سے جوڑ کر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ راجامولی خود کو ناستک قرار دیتے رہے ہیں، مگر اس کے باوجود ان کی فلمیں ہمیشہ ہندو اساطیر، مہابھارت، رامائن اور امر چتر کتھا سے متاثر رہی ہیں۔ باہوبلی اور آر آر آر جیسی فلمیں اسی اساطیری سوچ کی مثال سمجھی جاتی ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر کامیابی حاصل کی۔

مزید خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button